بونیر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو پناہ دینے والوں کے خلاف پہلا مقدمہ درج
خیبر پختونخوا میں 9 اور 10 مئی کو ہونے والے پرتشدد مظاہرے میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پناہ دینے پر بونیر میں پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضلع بونیر میں پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں کو پناہ دینے والوں کے خلاف پہلا پرچہ کاٹا گیا ہے، تحریک انصاف بونیر کے رہنما بختیارعلی اور ہشتم خان نے 9 اور 10 مئی واقعات میں ملوث افراد کو پناہ دی تھی جس کی وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ دفعہ 212 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پی ٹی آئی رہنماؤں مینا خان اور سابق ایم این اے شاہد خٹک کو اپنے ریسٹ ہاؤس میں پناہ دی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے دونوں روپوش رہنماؤں کو متعلقہ ملزمان کے ریسٹ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے گزشتہ روز پرتشدد احتجاج میں ملوث افراد کو پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔