ملک کے تمام مسائل کا حل ایک ہی دن جنرل الیکشن کا انعقاد ہے، سراج الحق
جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے وزیراعظم شہباز اور عمران خان سے ہونے والے ملاقاتوں کے بعد جلد اچھی خبر ملنے کی امید ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل ایک ہی دن جنرل الیکشن کا انعقاد ہے۔
دیر میں جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی سیاستدان آپس میں دست و گریباں ہوئے ہیں تو اس کا نتیجہ مارشل لاء کی صورت میں نکلا ہے، آج بھی اگر قومی قیادت نے انتخابات کے حوالے سے واضح لائحہ عمل اختیار نہ کیا تو نتیجہ ماضی سے مختلف نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ہی روز عام، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے انہوں نے حکمران اتحاد پی ڈی ایم اور اور تحریک انصاف کے ساتھ روابط شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کہ اسٹیبلشمنٹ، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن نے نیوٹرل رہنے کی بجائے پارٹی بننے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ کسی بھی صورت خوش آئند نہیں.
انہوں نے کہا کہ پانامہ اور پنڈورا لیکس میں شامل افراد موجودہ ملکی تباہی کےذمہ دار ہے، آئی ایم ایف سے قرض ملنے پر بھنگڑے ڈالنے والے اپنے اعمال پر نظر ثانی کرے، گیارہ کروڑ پاکستانی اس وقت خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے جبکہ 85 فیصد گندہ پانی پینے پر مجبور ہے، پی آئی اے روزانہ کی بنیاد پر 25 کروڑ ریلوے 14 کروڑ جبکہ کراچی سٹیل مل 37 کروڑ روپے نقصان میں جارہی ہے، ہر پانچواں پاکستانی ڈپریشن جبکہ ہر گیارہواں جسمانی معذوری کا شکار ہو ہے.
ان کے مطابق زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام عوام آٹے کے ٹرک کے پیچھے خوار ہو رہے ہیں اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیس افراد آٹے کے حصول کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کام انتخابات تک نگرانی کرنا ہے مگر وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے اگلے تین سال تک حکومت میں رہنے کے خواب دیکھ رہی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی تمام تر پالیسیاں ناکام ہوچکی ہے اور عوام کے پاس اب واحد حل جماعت اسلامی کی صورت میں موجود ہے اقتدار میں آکر نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کریں گے، ملک کی آبادی 62 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے نوجوان اپنے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔