سیاست

‘سستی روٹی تندور’ جہاں 20 روپے کی روٹی ساڑھے سات روپے میں ملتی ہے

زاہد جان دیروی

ضلع دیر کے دو مقامات ریحانکوٹ اور امری کس میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک میں ‘الخدمت سستی روٹی پروگرام’ کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے تحت غریب اور مستحق افراد کو تندور سے سستی روٹی آدھی قیمت پر مل رہی ہے۔

دیر شہر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے اس اقدام کے بارے میں ریحانکوٹ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ گل رحمان کا کہنا ہے کہ ہم جیسے غربیوں کے لئے رمضان المبارک میں دیگر اشیاء کے ساتھ مہنگا آٹا خریدنا مشکل ہو گیا تھا۔ رمضان المبارک میں سستی روٹی تندور کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

ٹی این این سے گفتگو میں گل رحمان نے بتایا کہ اب ہمیں ان سستی روٹی تندوروں سے افطاری اور سحری کے دوران آسانی سے کم قیمت پر روٹی ملتی ہے جس سے کم از کم رمضان المبارک میں ہمارا گزارہ تو ہو جائے گا۔

دیر شہر کے وسطی علاقے امری کس میں قائم سستی روٹی تندور آئے ہوئے شہری میرو خان نے بتایا کہ دو دن ہوگئے ہیں کہ مجھ جیسے سینکڑوں لوگ یہاں سے بیس روپے میں ملنے والی سنگل روٹی ساڑھے سات روپے میں جبکہ 40 روپے میں ملنے والی ڈبل روٹی 15 روپے میں خرید رہے ہیں۔

میرو خان کے بقول حالیہ دور میں 40 روپے کی روٹی خریدنا غریب کے لئے بہت مشکل ہے جبکہ بدنظمی کی وجہ سے حکومت کی جانب سے ملنے والے مفت آٹے کا حصول مشکل ہو گیا ہے لیکن سستی روٹی تندور کچھ حد تک غریبوں کے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب اپر دیر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اکرام اللہ نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے دیگر رضاکارانہ اقدامات کے ساتھ اس بار اپر دیر سمیت پورے صوبے میں مہنگائی کے باعث مستحق افراد کے لئے الخدمت سستی روٹی پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد حالیہ کمر توڑ مہنگائی میں کسی حد تک غریب عوام کی مدد کرنا ہے۔

اکرام کے بقول سستی روٹی تندور مالکان بھی پانچ روپے کی ادائیگی اپنی طرف سے کر رہے ہیں جبکہ باقی لاگت الخدمت فاونڈیشن کے ذمے ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مذکور مقامات کے علاوہ دیر کے دیگر مقامات داروڑہ لرجم، عشیری درہ، واڑی اور براول میں بھی سستی روٹی تندور کا افتتاح کیا گیا تاکہ وہاں کے لوگ بھی اس سے مستقید ہو سکیں۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button