سیاست

گورنر نے خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دے دی

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے پنجاب کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کو اکتوبر میں کرانے کے لئے خط لکھ ڈالا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ایک خط میں گورنر حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ کی تجویز دیدی۔

گورنر ہاوس پشاور سے ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے صوبائی اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر کے پنجاب میں 8 اکتوبر کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے  لہذا خیبر پختونخوا میں بھی 8 اکتوبر ہی کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کرائے جائیں۔

وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے سکندر سلطان راجہ کے نام خط میں لکھا ہے کہ خیبر پختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردانہ واقعات رونما ہورہے ہیں۔ خط میں جنوبی وزیرستان میں آئی ایس آئی کے بریگیڈئیر مصطفی کمال برکی کی شہادت، کوہاٹ میں کانوائے پر دھماکے، ضلع خیبر میں پولیس تھانے پر حملہ، شمالی وزیرستان میں جاری دہشتگردانہ واقعات کے حوالے بھی دئیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوبائی اسمبلی انتخابات: گورنر نے تاریخ دینے کے بعد یوٹرن لے لیا

واضح رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو سکتے ہیں تاہم بعدازاں ذرائع سے یہ خبر ملی تھی کہ وہ بیان تو میڈیا کے لئے تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق جس روز یعنی 18 جنوری کو خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی جب گورنر خیبر پختونخوا نے تحلیل کردی تو 90 روز کے  اندر خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا انقعاد ضروری ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کا واضح حکم ہے کہ گورنر حاجی غلام علی فوری طور صوبے میں عام انتخابات کیلئے تاریخ مقرر کریں تاہم تاریخ مقرر کرنے کی بجائے گورنر نے پہلے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اور بعدازاں ایک خط صدر مملکت کو بھی ارسال کیا تھا جبکہ اس ضمن میں گورنر خیبر پختونخوا کا پشاور کے گورنر ہاوس اور الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر سمیت ایوان صدر میں بھی الیکشن کمیشن و صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کیساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

تمام تر ملاقاتوں اور خطوط میں گورنر حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ یہاں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے اپریل یا مئی بھی اسی صوبے میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے صوبے میں عام انتخابات کا اعلان نہ کرنے پر پہلے پشاور ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا جبکہ چند ہی دنوں قبل آئین کی خلاف ورزی کا جواز بناتے ہوئے تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے گورنر پختونخوا کو ایک قانونی نوٹس بھی دیا ہوا ہے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button