سیاست

رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے علی وزیر کی درخواست ضمانت پر گزشتہ سماعت میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے علی وزیرکی ایک لاکھ روپے میں ضمانت منظور کی ہے، علی وزیر کی 3 مقدمات میں پہلے ہی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔

پولیس کے مطابق علی وزیرکے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو دسمبر 2020 میں شہدا آرمی پبلک اسکول کی چھٹی برسی کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کے بعد آرکائیوز ہال (پشاور) سے نکلتے وقت گرفتار کیا گیا تھا۔

صوبائی پولیس کے ذرائع کے مطابق علی وزیر کے خلاف ملک مخالف تقریر پر کراچی میں مقدمہ درج ہوا تھا اور سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو ان کی گرفتاری کی درخواست کی تھی۔ اس وقت پولیس نے بتایا تھا کہ علی وزیر کی گرفتاری 54 سی آر پی سی تحت کی گئی ہے اور انہیں اب سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ علی وزیر اور پی ٹی ایم کے متعدد دیگر رہنماؤں کے خلاف 7 دسمبر 2020 کو کراچی کے تھانے سہراب گوٹھ میں تعزیرات پاکستان کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان پر اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

19 دسمبر 2020 کو انہیں بذریعہ جہاز کراچی لایا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 20 دسمبر 2020 کو علی وزیر اور پی ٹی ایم کے دیگر 3 رہنماؤں کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

علی وزیر کو اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار کیا جا چکا تھا اور ان کے خلاف متعدد مقدمات درج کئے گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button