وزیراعظم شہباز شریف کل شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے
سابق وزیراعظم وزیراعظم عمران خان کی تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں معزولی کے بعد ملک کے نومتخب وزیر اعظم، شہباز شریف کل شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے۔
زرائع کے مطابق کل ضلع کے صدر مقام میران شاہ کے دورہ پر شمالی وزیرستان کے سے منتخب ایم این اے محسن داوڑ کے علاوہ دیگر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر جمعرات کو شمالی وزیرستان آئیں گے جہاں وہ قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات اور قبائلی جرگہ سے خطاب بھی کریں گے۔
زرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کی منظوری، غلام خان سے عیسی خیل تک موٹروے کو سی پیک کا حصہ بنانے، دریائے ٹوچی کے کنارے حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور پہلے سے اعلان شدہ تین دانش سکولوں کے قیام سمیت دیگر بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے، جبکہ وزیر اعظم کو سول و عسکری حکام علاقے میں ترقیاتی سکیموں اور امن و امان پر بریفنگ بھی دیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہاز شریف کا کسی قبائلی علاقے کا یہ پہلا دورہ ہے۔
ٹی این این نے خبر کی تصدیق کیلئے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سے بار بار رابطہ قائم کرنی کوشش کی جو تاحال کامیاب نا ہو سکی، اس حوالے سے مزید معلومات ان کے ساتھ رابطہ قائم ہونے پر دی جا سکتی ہیں۔