سیاست

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 18 اضلاع میں پولنگ جاری

 

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں پولنگ کی جارہی ہے اور اس ضمن میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ گزشتہ روز تمام انتخابی مواد، بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور پولنگ اسٹاف کو اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سکیورٹی کے ساتھ پہنچایا گیا۔

دوسرے مرحلے کے زیادہ تر اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز پہاڑی علاقوں میں اور دور دراز ہیں۔ 18 اضلاع کی کُل 65 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، مجموعی طور پر 6176 پولنگ اسٹیشنز اور 16509 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

جن اضلاع میں بلدیاتی انتخاب کیلئے پولنگ ہونی ہے ان میں اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان بالا، کوہستان زیریں، کولائی پالس، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، دیر بالا، دیر زیریں، چترال بالا اور چترال زیریں شامل ہیں۔

ان اضلاع میں یونین کونسلز کی تعداد ایک ہزار 830 ہے۔ کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 80 لاکھ 57 ہزار 474 جبکہ اس میں مرد ووٹرز 44 لاکھ 89 ہزار 771 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 35 لاکھ 67 ہزار 703 ہے۔

ایبٹ آباداور سوات میں سٹی میئرکی نشست پربڑے معرکے ہوں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں 29 ہزار 3 سو 38 امیدوار میدان میں ہیں۔ ایبٹ آباد ضلع میں چار تحصیلوں کیلئے چیئرمین اور تحصیل مئیر کا انتخاب ہوگا، ضلع میں 195 ولیج اور 14 نیبر ہوڈ کونسل ہیں جہاں کل ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 1714 ہے جب کہ چار تحصیلوں میں ایبٹ آباد، حویلیاں، لورہ اور لوئر تناول شامل ہیں۔

تحصیل میئر اور چیئرمین کی نشستوں کیلئے 651 امیدوار ہیں، ولیج، نیبرہڈ میں جنرل نشستوں پر 13 ہزار 331 افراد انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 201 امیدوار میدان میں ہیں، مزدور،کسان کی نشستوں پر 6602، یوتھ پر 5446 امیدوار اور اقلیتی نشستوں پر 107 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button