کورونا کیسز میں تیزی، نوشہرہ کی عدالت سمیت 5 عدالتیں اور تعلیمی ادارے 10 روز کیلئے بند
نوشہرہ اور مردان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر تعلیمی اداروں سمیت کئی ایک ادارے مختصر مدت کے لئے بند کر دیئے گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ے جس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ کی عدالت سمیت پانچ عدالتیں اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جلوزئی کیمپس سمیت بارہ تعلیمی ادارے دس روز کے لیے سیل کر دیئے گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے عدالتوں اور تعلیمی اداروں میں کورونا وباء سے متاثرہ ججزز، اساتذہ اور طالبعلموں سمیت دیگر افراد کو 14 دن قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
نوشہرہ ترجمان ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جلوزئی کیمپس، گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری کٹی خیل، گورنمنٹ مڈل سکول اکوڑہ خٹک، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول اکوڑہ خٹک، ورکنگ فولکس گرامر سکول (زنانہ سیکشن) لیبر کالونی امان گڑھ اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بدرشی، گورنمنٹ ہائی سکول رشکئی، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نوشہرہ کینٹ، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول زخی قبرستان پبی اور ورکنگ فولکس گرائمر سکول (مردانہ سیکشن) لیبر کالونی اکوڑہ خٹک شامل ہیں۔
متعلقہ خبریں:
کورونا: صرف ویکسین ہی نہیں احتیاط بھی ضروری ہے
بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے بوسٹر ڈوز کی فیس ختم
کورونا وباء: خیبر پختونخوا کا کاروباری طبقہ معاشی مشکلات کا شکار
علاوہ ازیں ٹی ایم اے کو ڈسٹرکٹ کورٹس نوشہرہ اور سکولوں کی بندش کے دوران وقتاً فوقتاً جراثیم کش سپرے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مظابق کورونا وائرس کے کیسز میں مثبت آنے کی شرح 16.73 تک جا پہنچی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر محمد شعیب کے مطابق اب تک نوشہرہ میں 378 کورونا وائرس کے مثبت مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے بارہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
دوسری جانب مردان میں بھی کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اور مزید پھیلاوٴ کو روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف نے کورونا کیسز کی نشاندہی/مثبت رپورٹس آنے پر مزید 8 سکولوں کو 10 دن کیلئے بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو مردان کے ایک سکول میں 5 طالبات اور 2 اساتذہ کرونا وائرس کا شکار ہو گئی تھیں جس کے بعد متعلقہ سکول کو بند کر دیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول لیبر کالونی مردان میں کرونا کے کیسز آنے کے بعد سکول کو دس دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 23 سکولوں میں 10 دن کیلئے سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جان لیوا وائرس سے مزید 25 افراد انتقال کر گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 63 ہزار 272 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7539 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، گزشتہ روز اس وباء نے مزید 25 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 11.91 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے، اس کے علاوہ 1240 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔