سیاست

بلدیاتی الیکشن کے دوران سیاسی سرگرمیاں، پی ٹی آئی کا وزیر 30 ہزار جرمانہ

الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز کی خلاف ورزی پر خیبر پختونخواہ کے وزیر زکواة وسوشل ویلفیئر انورزیب خان کو 30ہزارروپے جرمانہ کردیا .صوبائی وزیر نے بلدیاتی الیکشن مہم کے دوران پابندی کے باوجود بھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر باجوڑ فضل حکیم کا کہنا ہے کہ الیکشن رولز کے مطابق کوئی بھی منتخب نمائندہ یا وزیر الیکشن مہم کے دوران سیاسی سرگرمی نہیں کرسکتا ۔ الیکشن کمیشن کے آفیسر نے صوبائی وزیر کو 18دسمبر تک جرمانہ جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جرمانہ ادا نہ کرنے اور آئندہ کیلئے محتاط نہ رہنے کی صورت مزید کاروائی کا بھی عندیہ دیا ہے جس میں نااہلی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

باجوڑ سے پی ٹی آئی کے دوسرے ایم پی اے انجینئیر اجمل خان کو بھی حلقے میں سیاسی سرگرمیوں پر نوٹس جاری کیا گیا تھا تا ہم موصوف نے الیکشن کمیشن میں اپنا معافی نامہ جمع کر دیا ہے جس پر انہیں وارننگ دے کر آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ان دونوں نمائندگان کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے تحصیل چئیرمین خار سید بخت ذادہ جان نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی کہ الیکشن رولز کی خلاف ورزی کرکے الیکشن مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ نون اختیار ولی خان نے نوشہرہ میں پرویز خٹک کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ہے۔

درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن رولز کی خلاف ورزی اور کوڈ آف کنڈکٹ  کی دھجیاں اڑانے پر پرویز خٹک کو نااہل کر کے صوبہ بدر کیا جائے ۔

گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے نوشہرہ کی تحصیل میں گل بت خان ہاوس میں موصوف نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور اسی ہاؤس میں ووٹروں کو بلا بلا کر بلیک میل کیا جاتا ہے اور اپنے بیٹے کے پاس کرانے کے لئے دباؤ ڈالا جاتا ہے ۔ یہاں تک کہ لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ اگر میرے بیٹے کو پاس نہیں کیا تو آپ کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ۔

نوشہرہ کے تمام فیس بک پیجز پر ان کی کارروائیاں اور کارگزاریاں واضح پڑی ہوئی ہے ۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button