سیاست

صوابی میں عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے لالچ، سپیکر اسد قیصر کو الیکشن کمیشن میں حاضری کا نوٹس

الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے مبینہ طور پر بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر مبینہ طور پر ووٹروں کو ترقیاتی منصوبوں کا لالچ دے رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سردار مظہر حسین نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کل صبح ساڑھے 11 بجے پیش ہونے کا نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی آڈیو زیر گردش ہے جس میں آپ ووٹرز کو ترقیاتی منصوبے دینے کا وعدہ کر رہے ہیں، آپ پارٹی امیدواروں کو کہہ رہے ہیں کہ جلد ملٹی ملین منصوبوں کے ٹینڈرز جاری ہو رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وضاحت کے لیے آپ ذاتی حیثیت میں ضلعی الیکشن کمشنر صوابی کے دفتر آئیں۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیوز چینلز پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آڈیو گردش میں ہے جو قانون کے تحت کرپٹ پریکٹس اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا اسد قیصر کی آڈیو کا فارنزک کرائے اور معاملے پر معلومات 15 دسمبر تک فراہم کی جائیں۔

خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور حکومتی نمائندوں کا اس طرح کے اعلانات ان انتخابات پر اثر انداز ہونے کے مترادف قرار دئے جاتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اسی تناظر میں الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ پشاور سے منع کر دیا تھا۔ تاہم الیکشن کمیشن کے روکنے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں ہیلتھ انشورنس اور احساس رعایت راشن پروگرام کی تقریب میں شرکت کی اور مستحق شہریوں میں کارڈ تقسیم کیے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو وارننگ دی تھی کہ اگر پروگرام کی لانچنگ کیلئے پشاور گئے تو انتخابی ضابطہ اخلاق کی قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button