ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور ديگر وزرا کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
جمعہ کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراءکو ضابطہ اخلاق کا پابند بنایا جائے۔ جن وزرا کو نوٹس دیا گیا ان میں کامران بنگش اورشوکت یوسفزئی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل گوہرخان نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ سمیت کسی وزیرنےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔ گوہر خان نے بتایا کہ جس جلسے کی الیکشن کمیشن نے نشاندہی کی اس میں شوکت یوسفزئی تو شریک ہی نہیں تھے۔
پشاور میں بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کا انکشاف ہوا جس پر الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا۔ پشاور یونیورسٹی روڈ میں بلدیاتی انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے لیے سرکاری مشینری کے استعمال کی ویڈیو وائرل ہونے پرالیکشن کمیشن نے نوٹس لیکر سی اینڈ ڈبلیو کے ایکس ای این کو دفتر طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیوکی کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کی جھنڈیاں لگانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند افراد سرکاری کرین سے حکمران جماعت کے جھنڈے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔