سیاست

باڑہ: قبیلہ شلوبر کا مسائل کے حل کے لیے گرینڈ جرگہ، مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق

باڑہ: قبیلہ شلوبر کا مسائل کے حل کے لیے گرینڈ جرگہ ارجلی ندی شلوبر باڑہ میں منعقد ہوا جس میں قوم کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر خیبر یونین پاکستان کے مرکزی صدر حاجی مجیب الرحمٰن، قبائلی مشر روزا دین، مسکین شاہ مسکین اور مقیب اللہ آفریدی سمیت کثیر تعداد میں قومی اور سیاسی مشران اور نوجوان موجود تھے۔

قبیلہ شلوبر کے اس جرگہ میں انفراسٹرکچر، تباہ شدہ تعلیمی ادارے، ویران سڑکیں، تیراہ ناکئی پہاڑ، بیسئ بابا پہاڑی میں بند کرش پلانٹس اور سروے سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشران نے کہا کہ قوم شلوبر کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، منتخب نمائندوں نے قوم شلوبر کو نظر انداز کیا ہوا ہے، اب وقت گیا ہے کہ سب مل کر جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ کرش پلانٹس انڈسٹری عرصہ دراز سے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کا روزگار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ مختلف قسم کی منشیات کا عادی ہو رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے دوران تباہ شدہ مکانات میں سے آدھے سے زیادہ کا سروے ابھی تک نہیں ہو سکا جبکہ تباہ شدہ تعلیمی اداروں کا تعمیراتی کام بھی بند ہے اور یا روک دیا گیا ہے۔

مشران نے مزید کہا کہ قوم شلوبر میں قبرستانوں کی زمین ختم ہو گئی ہے، پہلی فرصت میں ارجلی ندی قبرستان کیلئے قوم نے 7 جریب زمیں وقف کر دی ہے، جبکہ سواتی قبرستان، نوگزی بابا اور دیگر قبرستانوں کیلئے زمیں تلاش کریں گے۔

جرگہ میں ارجلی ندی کی تمام مساجد سے ایک ایک نمائندے پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ مسائل کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

آخر میں قومی مشران نے نوجوان مقیب اللہ آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے تمام مشران اور کشران ایک پیج پر آ گئے ہیں، قوم کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button