صحت

وزیرستان: ایڈز کے مرض میں بتدریج اضافہ، مریضوں کی کل تعداد 416 ہو گئی

جنوبی و شمالی وزیرستان میں ایڈز کے مرض میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ایڈز کے مریضوں کی کل تعداد 416 ہو گئی۔

ایڈز انچارج جنوبی وزیرستان ڈاکٹر زین اللہ بدین کے مطابق جنوبی وزیرستان سے محکمہ صحت ایڈز ڈیپارٹمنٹ پشاور کے ساتھ رجسٹرڈ کیسوں کی تعداد 149 ہے، ”ہر سال اگست اور ستمبر کے مہینے میں مفت سکریننگ کی جا رہی ہے اور ایڈز میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات دی جاتی ہیں۔”

ڈاکٹر زین اللہ بدین نے کہا کہ ایڈز میں مبتلا مریضوں کا علاج مرتے دم تک جاری رہے گا، ضم اضلاع میں جنوبی وزیرستان چوتھے نمبر پر ہے جبکہ شمالی وزیرستان ایڈز کے مرض میں بتدریج اضافہ ہونے سے پہلے نمبر پر آیا ہے جہاں پر پازیٹیو کیسز کی تعداد 277 تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل توئے خلہ سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان، جو 9 افراد پر مشتمل ہے، بچوں اور خواتین سمیت مکمل طورپر ایڈز کے مرض میں مبتلا ہے، بدقسمتی سے وہ گزشتہ تین سال سے سکریننگ سے شرم کے باعث چھپتے رہے ہیں۔

انچارج کے مطابق ایچ آئی وی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مفت سکریننگ کے کیلئے 30 ہزار کٹس مہیا کئے گئے، جنوبی وزیرستان وانا میں ہنگامی بنیادوں پر ایڈز کیئر سنٹر کی اشد ضرورت ہے کیونکہ مذکورہ رجسٹرڈ کیسوں کے علاوہ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں پازیٹو کیسز کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہیں کیونکہ لوگ شرم کے باعث سکریننگ سے کتراتے ہیں۔

ڈاکٹر زین اللہ بدین نے کہا کہ ایڈز کی تشخیص اکثر بیرون ممالک میں رہنے والے مسافروں میں پائی جاتی ہے اس وجہ سے خواتین کو بھی ایڈز کا مرض لاحق ہو گیا ہے، یکم دسمبر کو عالمی ایڈز دن منایا جائے گا جس میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ مفت سکریننگ کی جائے گی۔
ا

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button