میاں افتخار حسین پر حملے کی کوشش، اے این پی نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین پر سخاکوٹ ملاکنڈ میں مبینہ قاتلانہ حملے کے حوالے سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مبینہ مجذوب شخص کے ورکرز کنونشن میں پستول نکالنے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں، پستول کس نے فراہم کی اور کس مقصد کیلئے فراہم کی گئی، ملاکنڈ انتظامیہ تحقیقات کرائے۔
پارٹی ترجمان کے مطابق میاں افتخار حسین کو پہلے ہی سیکورٹی کے شدید خطرات لاحق ہیں، اس قسم کی لاپرواہی کی ذمہ دار انتظامیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پستول بردار شخص کس طرح ورکرز کنونشن میں داخل ہوا؟ انتظامیہ سیکورٹی کی ذمہ دار ہے، انتظامیہ کو میاں افتخار حسین کے دورے کے حوالے سے باقاعدہ اطلاع بھی دی گئی تھی، اس کے باوجود انتظامات نہ کرنا انتظامی نااہلی ہے۔
زاہد خان کے مطابق ورکرز کنونشن کے موقع پر واک تھروگیٹ بھی نصب نہیں تھا اور نہ ہی آنے جانے والوں کی کوئی تلاشی ہو رہی تھی، ”اس قسم کی غفلت سے کوئی بھی بڑا واقعہ رونما ہو سکتا تھا، واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے۔”