سیاست

اسلام آباد ہائیکورٹ نے گلگت کے سابق چیف جج سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف اور مریم نواز کی اپیلوں سے متعلق گلگت بلتستان کورٹ کے سابق جج کے انکشافات کا نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایک کیس کی سماعت کےدوران اس معاملے کا نوٹس لیا اور گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو کل صبح ساڑھے 10 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے دی نیوز کے ایڈیٹر انچیف، ایڈیٹر اور صحافی انصارعباسی کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ ذرائع کا کہناہےکہ اس معاملے میں ہائیکورٹ کے جج کا نام آنے کے بعد عدالت نے نوٹس لیا۔

یاد رہے گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

گلگت بلتستان کے سینئر ترین جج نے پاکستان کے سینئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا ہے کہ ’’میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں۔ جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا۔‘‘

دستاویز کے مطابق، شمیم نے یہ بیان اوتھ کمشنر کے روبرو 10؍ نومبر 2021ء کو دیا ہے۔ نوٹرائزڈ حلف نامے پر سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے دستخط اور ان کے شناختی کارڈ کی نقل منسلک ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button