خیبر پختونخوا: غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات غیرآئینی قرار
پشاور ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ الیکشن ایکٹ 2019 کے خلاف دائر درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنا دیا۔ ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے مختصر فیصلے میں نیبرہوڈ/ ویلج کونسل الیکشن غیرجماعتی بنیادوں پر کرانے کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نیبرہوڈ اور ویلج کونسل انتخابات جماعتوں بنیادوں پر کرانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس سید ارشد علی کے تحریر کردہ مختصر فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ تمام درخواستوں کو جزوی طور پر منظور کیا جاتا ہے، نیبرہوڈ اور ویلج کونسل انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر کرانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے، عدالت خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ کے سیکشن 27(2) اور الیکشن ایکٹ 2013 کے پارٹ بی شیڈول 11، جو غیرجماعتی بنیادوں پر الکشن کے حوالے سے ہے، اس کو کلعدم قرار دیتی ہے اور نیبرہوڈ/ویلج کونسل انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکم دیتی ہے۔
عدالت نے مختصر فیصلے میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر 2021 کو 17 اضلاع میں جو الیکشن شیڈول دیا ہے الیکشن اسی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ عدالت نے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو اتخابات شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرام خان درانی، ایم پی اے عنایت اللہ خان، اے این پی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی خوشدل خان، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سنیٹر مشتاق احمد خان اور اے این پی کے حمایت اللہ مایار نے درخواستیں دائر کی تھیں۔
اس حوالے سے خوشدل خان ایڈوکیٹ نے بتایا کہ عدالت نے جزوی طور پر ہماری درخواستوں کو منظور کیا ہے، درخواستوں میں ہم نے ڈسٹرکٹ کونسل کو بحال کرنے اور نیبرہوڈ/ویلج کونسل انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کرانے کی استدعا کی تھی، عدالت نے ہماری ایک استدعا منظور کی ہے اور الیکشن کمیشن کو انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکم دیا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا الیکشن شیڈول کے مطابق وقت پر ہوں گے یا التوا کا شکار ہو سکتے ہیں، خوشدل خان ایڈوکیٹ نے بتایا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق مشکل لگ رہے ہیں لیکن اب یہ حکومت کا دردسر ہے کہ وہ کیا کرتی ہے، عدالت نے جس سیکشن کو کالعدم قرار دیا ہے حکومت اب اس میں ترمیم کرے گی۔
صوبائی حکومت نے عدالت کا مختصر فیصلہ آنے کے بعد کل کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، صوبائی وزیر اطلاعات کامران بنگش کے مطابق اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ، الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلے سے پیدا شدہ صورتحال پر غور و خوض ہو گا۔