یکم اکتوبر: معمر افراد ہی نہیں سبزی خوروں کا بھی عالمی دن
پاکستان سمیت دنیا بھر میں معمر افراد کا عالمی دن یکم اکتوبر جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد بزرگ افراد کی ضروریات، مسائل اور تکالیف سے متعلق معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اس دن کے حوالے سے سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، واکس اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں معمر افراد کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں اقدامات پر زو دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بزرگ افراد کا عالمی دن پہلی مرتبہ یکم اکتوبر 1991ء کو منایا گیا تھا۔
سبزی خوروں کا عالمی دن
اسی طرح پاکستان سمیت دنیا بھر میں سبزی خوروں کا عالمی دن بھی یکم اکتوبر جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد صحت و تندرستی کیلئے گوشت خوری کم کر کے خوراک میں سبزیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
سبزی خوروں کا عالمی دن سب سے پہلے 1977ء میں منایا گیا۔ ماہرین صحت کے مطابق حد سے زیادہ گوشت خوری سے شریانیں تنگ جبکہ ہائی بلڈ پریشر، دل کے امراض، ذیابیطس اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس لیے گوشت کی بجائے خوراک میں تازہ سبزیوں کا استعمال صحت کیلئے انتہائی مفید ہے، تازہ سبزیوں پر مشتمل خوراک کے استعمال سے کینسر، فالج سمیت دل کی بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔