عوام کی آوازقومی

میڈیا پر شہدا کے لیے ‘ہلاک’ کے بجائے ‘شہید’ لکھا جائے، پیمرا

پشاور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہید اہلکاروں کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا پر "ہلاک” کے بجائے "شہید” کا لفظ استعمال کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا۔

پیمرا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے تمام میڈیا اداروں، اخبارات، ریڈیو اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو باقاعدہ ہدایت جاری کی جا چکی ہے کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے "ہلاک” کی جگہ "شہید” کا لفظ استعمال کریں۔

یہ درخواست پشاور ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ حمدان اللہ نے دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، لہٰذا ان کے لیے "شہید” کا لفظ استعمال کیا جانا چاہیے، جو ان کی قربانی کا درست اظہار ہے۔

عدالت نے پیمرا کے جواب کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button