ملک بھر میں مون سون بارشوں کا زور، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ تیز ہو گیا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے تاہم لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جبکہ اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، گلیات، مانسہرہ اور نوشہرہ جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادھر بلوچستان کے اضلاع بارکھان، زیارت اور خضدار میں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت جاری کی ہے۔