محرم میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پر کڑی نظر، خصوصی ٹیم تشکیل

وزارت داخلہ کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر، مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی کی روک تھام کے لیے نیشنل سینٹر فار کرائمز اینڈ سائبر انویسٹی گیشن (NCCIA) کے تحت ایک خصوصی ٹیم قائم کر دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق، یہ ٹیم سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اور مذہبی اشتعال انگیزی کی نگرانی کرے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ ٹیم میں ٹیکنیکل ماہرین، ڈیجیٹل تجزیہ کار، اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ماہر افسران شامل کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر نظم و ضبط قائم رکھنا، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینا اور امن و امان یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ملک بھر میں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا کو بھی واضح سفارشات ارسال کی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ ایسے تمام اقدامات زمینی حقائق اور موجودہ حالات کے تناظر میں باہمی مشاورت سے کیے جائیں۔