ملک بھر میں 20 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 20 جون سے 23 جون کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں شدید گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 20 جون سے مون سون ہواؤں کے زیر اثر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو 23 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوبی اضلاع کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں، خصوصاً پہاڑی و نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیگر علاقوں جیسے مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں بھی 20 سے 23 جون کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔
جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں 21 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اور کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ 22 سے 23 جون کے دوران سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔