عوام کی آوازقومی

ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی پہلی خصوصی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی پرواز ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو لے کر ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پرواز PK-9552 نے 107 مسافروں کو لے کر رات 3 بجے کے قریب اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ان پاکستانی شہریوں کو زمینی راستے سے ایران سے ترکمانستان منتقل کیا گیا، جہاں سے ان کی ہوائی واپسی کا انتظام کیا گیا۔

یہ آپریشن حکومت پاکستان کی ہدایت پر فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے انجام دیا گیا، جس میں تہران اور اشک آباد میں پاکستانی سفارتخانوں نے اہم کردار ادا کیا اور متاثرہ شہریوں کی بروقت منتقلی یقینی بنائی۔

وطن واپس پہنچنے والے مسافروں نے حکومت پاکستان اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بروقت اقدام کو قابل ستائش اور حوصلہ افزا قرار دیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن نے ایک بار پھر مشکل گھڑی میں قوم کی خدمت کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات پی آئی اے کے قومی مفاد سے وابستہ عزم کا مظہر ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران اور عراق میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ صرف ایک روز قبل 700 سے زائد پاکستانی شہری، جن میں زائرین، طلبہ اور کاروباری افراد شامل تھے، وطن واپس لائے جا چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button