ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز نوکنڈی، سکرنڈ، چھور اور مٹھی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ان علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔
ادھر ہفتے کے روز پنجاب کے مختلف حصوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں اور بعض علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔