پاکستان کے حملوں سے بھارت کو شدید نقصان پہنچا، ترجمان بھارتی فوج

بھارتی افواج کی جانب سے پاکستان کے تین فضائی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد پاکستان نے ہفتے کی شام آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کا باقاعدہ آغاز کیا، جس میں دشمن کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شام 5 بجے سے جاری اس آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کے مختلف فوجی مراکز اور تنصیبات پر جوابی حملے کئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعترافی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 26 مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں ایئربیسز اور دیگر حساس فوجی اہداف شامل ہیں۔
بھارتی فضائیہ کی ترجمان ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کی مغربی سرحد سے ’’متعدد خطرناک‘‘ کارروائیاں کی گئیں۔ ان کے مطابق، پاکستان نے ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے ذریعے فوجی تنصیبات، کنٹرول لائن کے قریب فضائی اہداف، اور دیگر عسکری مراکز پر حملے کئے۔
بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے تصدیق کی کہ پاکستان کی جانب سے ہائی اسپیڈ میزائل حملے کئے گئے، جن کا ہدف ادھم پور، پٹھان کوٹ، پنجاب ایئربیس اسٹیشن اور دیگر اہم مقامات تھے۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں بھارت کا روسی ساختہ S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم، چار ایئربیسز، پانچ ایئرفیلڈز، دو براہموس میزائل اسٹوریج سائٹس، ایک دہشتگردی کا کیمپ، بریگیڈ ہیڈکوارٹر، سپلائی ڈپو، آرٹلری گن پوزیشنز اور لائن آف کنٹرول پر متعدد فوجی پوسٹس تباہ ہوئیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی ڈرونز کو دہلی اور گجرات کی فضاؤں میں پرواز کرتے دیکھا گیا، جبکہ بھارتی میڈیا جیسے اے این آئی اور ٹی وی9 نے ادھم پور ایئربیس پر دھواں اٹھنے اور سرسہ ایئرفیلڈ پر دھماکوں کی آوازوں کی تصدیق کی ہے۔ پٹھان کوٹ، پونچھ، جموں میں بھی حملے تسلیم کئے گئے ہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق آپریشن میں فَتح-1 اور فَتح-2 جیسے جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا، جو جدید نیویگیشن سسٹمز سے لیس ہیں اور انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز میں ان میزائلوں کو فائر کرتے دکھایا گیا ہے۔
دفاعی تجزیہ کار طارق چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ان تمام مقامات کو ہدف بنا رہا ہے جہاں سے بھارتی افواج کی کارروائیاں کی گئیں، جبکہ نوید اکبر کے مطابق یہ کئی دن صبر کے بعد پاکستان کی پہلی مکمل جوابی کارروائی ہے۔
اس آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت کی ملٹری سیٹلائٹس کو بھی جام کر دیا، جس سے دشمن کی نگرانی اور مواصلاتی صلاحیتوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔