عوام کی آوازقومی

امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رابطہ، پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی پیشکش

امریکی وزیر خارجہ  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں پاک بھارت کشیدگی پر گفتگو کی گئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے طریقے تلاش کریں۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا کہ مارکو روبیو نے پاکستان کے آرمی چیف سے بات چیت کے دوران مستقبل میں ممکنہ تنازعات سے بچنے کے لیے تعمیری معاونت کی بھی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے واضح موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت نہ کی تو پاکستان یہاں رک سکتا ہے، تاہم اگر بھارت نے کوئی نیا حملہ کیا تو پاکستان کا ردعمل اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

یاد رہے کہ راولپنڈی میں رات گئے پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی کہ بھارت نے نور خان، مرید اور شورکوٹ کے فضائی اڈوں پر میزائل داغے۔

ترجمان کے مطابق میزائل بھارتی طیاروں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے سسٹمز سے داغے گئے تھے، تاہم پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے انہیں کامیابی سے روک لیا اور تمام اسٹریٹجک اثاثے محفوظ رہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بھارت نے افغانستان کی سرزمین پر بھی میزائل داغے، جو خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جس کے نتیجے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی فوجی کارروائی کا آغاز کیا، "بنیان المرصوص” آپریشن کے تحت اہم بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے تین فضائی اڈوں پر میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے "بنیان المرصوص” کے نام سے فوجی جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ جوابی کارروائی ہفتے کی صبح علی الصبح شروع کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کے اندر متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ابتدائی حملوں میں پاکستان نے "فتح-1” میزائل داغا، جس نے بھارت کی اہم فوجی پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ اور پٹھان کوٹ میں ایک فضائی اڈے کو تباہ کر دیا ہے، جو کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہے۔

بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود تمام قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود آج صبح 3:15 بجے سے دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button