عوام کی آوازقومی

پاکستانی ایئر ڈیفنس نے اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرون مار گرائے

پنجاب کے تین اضلاع میں پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بھارتی افواج کے چھ اسرائیلی ساختہ ڈرونز مار گرائے، جس کے بعد اب تک تباہ کئے گئے دشمن ڈرونز کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے جمعہ کو اس پیشرفت کی تصدیق کی۔

ذرائع کے مطابق ایک ڈرون وہاڑی، دوسرا پاکپتن جبکہ چار ڈرونز اوکاڑہ کے علاقے میں مار گرائے ہیں۔ تمام ڈرونز کو ریڈار سسٹمز کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا تھا اور ان کی بروقت نشاندہی کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم ہر آنے والے ڈرون کی ریڈار پر مؤثر نگرانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمارا دفاعی نظام نہایت چھوٹے سائز کے ڈرونز کو بھی ٹریک اور نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم چوبیس گھنٹے مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہیں۔”

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور پاکستان اپنی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر مستعد نظر آ رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق مسلسل ڈرون حملوں کی ناکامی دشمن کی منصوبہ بندی پر سوالیہ نشان ہے اور پاکستان کے دفاعی اقدامات کی کامیابی کا ثبوت بھی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر سخت اور فوری ردعمل دیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button