ائیرپورٹ آنے سے قبل مسافر کال سنٹر سے رجوع کریں، ترجمان پی آئی اے

قومی ایئرلائن (PIA) کے ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل کال سنٹر سے رابطہ کریں تاکہ فضائی آپریشن میں ممکنہ تبدیلیوں سے باخبر رہ سکیں۔
ترجمان کے مطابق حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے، جس کے باعث بعض فضائی راستے (روٹس) کو احتیاطی تدابیر کے طور پر عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ ان بندشوں کے سبب متعلقہ سیکٹرز کی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روٹس کی عارضی بندش ملکی فضائی اثاثوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی کہ وہ موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھیں اور ایئرلائن کے عملے سے مکمل تعاون کریں۔
قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ان کے درج شدہ نمبرز پر پروازوں کی صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور ان کے قیام و طعام کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی حدود میں بھی متعدد کمرشل پروازوں کے روٹس بند کئے جا چکے ہیں۔