بھارتی بزدلانہ حملے میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حملے میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئے جس میں 8 پاکستانی شہید ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جن میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک بچی زخمی ہوئی اور مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا اور مرید کے میں مسجد پر حملے میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیالکوٹ کے کوٹلی لوہاراں گاؤں میں ایک گولہ گرا جبکہ شکر گڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے بلاجواز حملے کا پاکستانی فوج بھرپور جواب دے رہی ہے۔ آج دن میں تمام میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی ننگی جارحیت کو ساری دنیا دیکھ سکے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے 3 جہاز مار گرائے، جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے 3 جہاز گرا دیے ہیں جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ بھی مار گرایا، جو ایوانتی پورہ کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تباہ کیا گیا۔