پاکستان میں رواں ہفتے شدید گرمی کا عالمی ریکارڈ بننے کا خدشہ، واشنگٹن پوسٹ

امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں گرمی کا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ہفتے جنوبی ایشیا میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔
شائع لردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل 2018 میں اپریل کے مہینے میں نواب شاہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ایشیا میں گرمی کا ایک ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یکم سے 4 مئی تک جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اپریل کی شام تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ یکم مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی کی لہریں بھی داخل ہوں گی۔
اس موسمی نظام کے زیر اثر کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ، لکی مروت، باجوڑ، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، سکھر، میرپورخاص، خیرپور، تھرپارکر، سانگھڑ، عمرکوٹ، ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور بارکھان میں 2 سے 5 مئی کے درمیان وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔