پی ٹی اے کا بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کے لیے مفت موبائل رجسٹریشن سسٹم متعارف

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کی سہولت کے لیے عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سسٹم کے ذریعے مسافر اپنے دورہ پاکستان کے دوران ہر بار 120 دن کے لیے اپنے موبائل ڈیوائسز رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کا یہ عمل مکمل طور پر مفت اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے، جس سے مسافروں کے لیے بلاتعطل رابطے کو یقینی بنایا گیا ہے۔
سرکاری ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم (DRS) پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی مسافر اپنے موبائل ڈیوائسز بغیر کسی فیس یا ٹیکس کی ادائیگی کے رجسٹر کر سکتے ہیں۔
موبائل ڈیوائس رجسٹریشن کا طریقہ کار:
-
پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جائیں اور "سائن اپ” پر کلک کریں۔
-
مقصد منتخب کریں اور اپنی تفصیلات اور پاسورڈ درج کریں۔
-
فارم جمع کروائیں اور ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ تصدیق کروایں۔
-
پورٹل میں لاگ ان کریں اور شرائط و ضوابط کو کلک کریں۔
-
"بیرون ملک پاکستانیوں/غیر ملکیوں کے لیے عارضی رجسٹریشن” پر کلک کریں۔
-
اپنی آمد و روانگی کی تاریخیں اور شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نمبر درج کریں۔
رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے کا یہ اقدام ڈیجیٹل خدمات اور زائرین کے سفر کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور یہ عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم صارفین کو اپنے اہل خانہ سے جڑے رہنے، نقشے استعمال کرنے اور ایمرجنسی سروسز تک رسائی میں مدد دیتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق رجسٹریشن کا عمل آسان، مفت اور مکمل آن لائن ہے، جس میں کسی دفتر کے دورے کی ضرورت نہیں اور مسافر پی ٹی اے کے آفیشل پورٹل کے ذریعے اپنی ڈیوائسز رجسٹر کرا سکتے ہیں۔
یہ اقدام پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن منصوبے کا حصہ ہے، جو مسافروں کے لیے مؤثر اور جامع ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہم ملک بھر میں بلارکاوٹ رابطہ اور اعلیٰ معیار کی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔