وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے اور اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی نہیں ہو گی۔
ملک کے مختلف تعلیمی بورڈز کی طالبات کے کھیلوں کے مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نوجوان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے تو مضبوط انسان بنیں گے: "ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وسائل کے اندر نوجوانوں کو مواقع دیں؛ بلند حوصلے اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، مجھے امید ہے کہ یہ بچے ہمارے ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔”
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ بڑا انسان وہ ہوتا ہے جس کے بڑے خواب ہوتے ہیں، اور یہ کہ بچیوں پر زیادہ انوسٹ کرو، ہماری بچیاں ہمارا اثاثہ ہیں: "کے پی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اپنے بچوں کو تمام سہولیات دے، امید ہے کہ آپ ایک عظیم قوم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔”
یہ بھی پڑھیں: ملاکنڈ: سی ٹی ڈی آپریشن میں تین خطرناک دہشت گرد مارے گئے
اِس موقع پر علی امین گنڈاپور نے مقابلوں میں شریک تمام ٹیموں کے لیے 50 ہزار روپے فی ٹیم کا اعلان بھی کیا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل ہیں: اس دفعہ کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہو گی۔”
خیال رہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دی ہے جس کی تصدیق ان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کر دی ہے۔