بجلی مہنگی کرنے کے لئے تقسیم کار کمپنیوں کی نیپرا میں درخواست دائر
پاکستانی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین پر مزید 8 ارب 71 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالنے کے لئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کر دی ہے۔ یہ درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ وہ پہلی سہہ ماہی کے دوران مختلف چارجز کی مد میں اضافی وصولیاں کی جائیں، جن میں کیپسٹی چارجز، آپریشنز اور مینٹیننس چارجز، اور سسٹم چارجز شامل ہیں۔
درخواست میں کیپسٹی چارجز 8 ارب 6 کروڑ روپے، ڈسکوز کی آپریشنز اور مینٹیننس کے 1 ارب 25 کروڑ روپے، سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس کی مد میں 1 ارب 65 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیپرا کے مطابق، بجلی ترسیلی اور تقسیمی نقصانات کی مد میں تقریباً سوا 2 ارب روپے کی بچت بھی ہوئی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر سماعت 20 نومبر کو کرے گا۔ اگر نیپرا درخواست کو منظور کر لیتا ہے تو صارفین کو اضافی رقم کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔