5 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کر رہے ہیں جس سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 5 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کر رہے ہیں جس سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا فائدہ ہوگا
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پہلے مرحلے میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کر رہے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ نے ٹاسک فورس کی سفارش پر 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کی منظوری دی ہے اور معاہدے ختم کرنے سے بجلی صارفین کو60 ارب روپے سالانہ کا فائدہ ہو گا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں خاطر خواہ کمی ہو جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 آئی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ان آئی پی پیز کو واجب الادا رقم پر سود نہیں دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اعلامیے کے مطابق جن آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی چارجز کے معاہدے ختم کیے گئے ہیں ان میں HUBCO, LALPIR, Saba Power, Rousch Power اور Atlas Power شامل ہیں۔
آئی پی پیز میں سے Rousch Power بلڈ اون آپریٹ اینڈ ٹرانسفر معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا، معاہدے کی رو سے اس کی ملکیت حکومت کو منتقل کرنے کے بعد اس کی پرائیوٹائزیشن کمیشن کے ذریعے نجکاری کی جائے گی، باقی ماندہ 4 آئی پی پیز کی ملکیت ان کے مالکان کے پاس ہی رہے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی معاہدے کو ختم کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے کسی قسم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی جبکہ دیگر آئی پی پیز سے معاہدوں پر بتدریج نظر ثانی کر کے بجلی ٹیرف کو کم کیا جائے گا