وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال کے پابندی عائد کر دی
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین پر سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک آفس میمورنڈم جاری کیا ہے۔
اس آفس میمورنڈم کے تحت، سرکاری ملازمین کو بغیر اجازت کسی بھی میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام سرکاری معلومات اور دستاویزات کے افشاء کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
میمورنڈم میں ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری ملازمین کو گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 کی مکمل پابندی کرنی ہوگی۔ اس کے تحت، کوئی بھی سرکاری ملازم بغیر اجازت سوشل میڈیا کی کسی بھی ایپلی کیشن کو استعمال نہیں کر سکے گا۔
آفس میمورنڈم کے مطابق، سرکاری ملازمین کو بغیر اجازت سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے یا بیان بازی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، اور سرکاری ملازمین کو سرکاری دستاویزات اور معلومات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین ایسی رائے یا حقائق بیان نہیں کر سکتے جو حکومتی ساکھ کو متاثر کریں۔ ملازمین کو حکومتی پالیسی، فیصلوں، ملکی خودمختاری اور وقار کے خلاف کسی بھی بات کی اجازت نہیں ہوگی، اور انہیں میڈیا پر ایسی کوئی بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر ہوں۔