وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈ کے فوری اجرا کے احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم نے ان اضلاع میں سحری اور افطاری کے وقت بجلی لوڈشیڈنگ بند کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ احکامات گزشتہ روز قبائلی اضلاع سے منتخب قومی اسمبلی کے ممبران کے وفد سے ملاقات کے دوران جاری کئے۔ وفد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری، ایم این اے مولانا جماالدین، محسن داوڑ اور علی وزیر شامل تھے۔ ملاقات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈآر اور سردار آیاز صادق بھی موجود تھے۔
قبائلی اضلاع کے وفد نے اس موقع پر شکوہ کیا کہ فاٹا انضمام کے بعد بھی قبائلی اضلاع بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ فنڈز کی اجراء نہ ہونے کیوجہ سے قبائلی اضلاع میں تعمیر و ترقی کی رفتار سست ترین ہے۔ انضمام کے وقت قبائلی عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں ہو سکے۔ مختلف ڈیپارٹمنٹس فنڈز کے اجراء میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے قومی اسمبلی ممبران کو ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور اسی موقع پر متعلقہ محکموں کو قبائلی علاقوں کے روکے گئے فنڈ کی فوری ریلیز کے احکامات جاری کئے۔
اراکین اسمبلی نے وزیراعظم سے ملاقات میں قبائلی اضلاع میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ رمضان میں عوام سخت تکلیف میں مبتلا ہے۔ وزیراعظم نے قبائلی اضلاع میں دوران سحر و افطار لوڈشیڈنگ پر پابندی کے احکامات جاری کئے اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے کی مستقل حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔