صحتقومی

امریکہ کی جانب سے فائزر ویکسین کی 37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

امریکہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے فائزرویکسین کی 37 لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ حُکومت پاکستان کو عطیہ کردی۔ 37 لاکھ ٹیکوں کا یہ عطیہ جولائی میں امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی موڈرینا ویکسین کی 55 لاکھ خوراکوں کے علاوہ ہے۔ اِس طرح امریکہ سے پاکستان کو اب تک عطیہ کئے گئے ٹیکوں کی تعدادبانوے لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

یہ عطیہ امریکہ کی جانب سے رواں موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک اور معیشتوں کے عوام میں تقسیم کرنے کی غرض سے فراہم کیے جانے والے پچاس کروڑ فائزر ٹیکوں میں شامل ہے ۔ یہ صدر جو بائیڈن کے عزم کی تکمیل کا حصہ ہے جس  کے تحت امریکہ دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے اور وبا کے خلاف بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کررہا ہے۔

اس موقع پراسلام آباد میں واقع  امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر کا کہنا تھا کہ موجودہ  صورتحال میں اس وبا کے خاتمہ کے لیے پہلے سے زیادہ ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے اور پاکستان اور امریکہ اِس مقصد کے حُصول کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔ امریکہ کو کووڈ 19 کو شکست دینے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ شراکت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موذی وباؤں سے پاک محفوظ دنیا کی تعمیر کیلئے مل کرکوششیں کرتے رہیں گے۔

امریکہ نے کووڈـ۱۹ کی روک تھام کیلئے  پاکستان کو چھ کروڑ تیس لاکھ ڈالرسے زیادہ کی اعانت فراہم کی ہے۔ یہ وبا پُھوٹنے سے لے کر اب تک امریکہ نے اس  بیماری سے تحفظ اور اُس  کے خاتمے، مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانے، لیبارٹری میں تشخیص کے طریقوں میں وسعت پیدا کرنے اور صف اول میں کام کرنے والے طبی کارکنوں کی مدد کیلئے پاکستان کے ساتھ مِل کرکام کیا ہے۔

امریکہ عالمی  سطح پر کووڈ 19 ویکسین تک رسائی کو یقینی بنانے  کیلئے کوشاں کوویکس پروگرام کوسب سے زیادہ اعانت فراہم کرنے والا ملک  ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button