ملک میں مہلک وباء کورونا سے مزید 95 افراد انتقال کر گئے جبکہ 3221 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے مجموعی طور پر 48 ہزار 181 ٹیسٹ کیے گئے جن سے 3221 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.68 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 5 ہزار 300 ہو گئی ہے، جن میں سے 9 لاکھ 93 ہزار 304 شفایاب ہو چکے ہیں، گزشتہ روز ملک میں کورونا کے مزید 95 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اب اس وباء سے ہونے والی مصدقہ اموات 24 ہزار 573 ہو گئی ہے، ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 87 ہزار 423 ہے جن میں سے 4 ہزار 896 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں جاری ایک رپورٹ کے مطابق سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 30ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔