سام سنگ موبائل ڈیوائسز اب پاکستان میں بنیں گے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دے دی۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی جو موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت دے دی گئی۔
اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے جس سے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے مقامی اور غیرملکی پلئیرز کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے متحرک موبائل مینوفیکچرنگ کے ماحولیاتی نظام میں بھرپور تبدیلی آئے گی، ’یہ صرف حکومت پاکستان کی ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
بیان کے مطابق پی ٹی اے کی طرف سے اب تک 25 غیرملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل ڈیوائسز (2G/3G/4G) کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دے دی گئی ہے، ’ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مارکیٹوں میں بھی برآمد کی جائیں گی، موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت فون سیٹوں کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گے، تمام ایم ڈی ایم اتھورائزیشن ہولڈرز کی تفصیلات پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر موجود ہیں۔’