قومی

آسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ سے زائد خوراکیں پاکستان پہنچ گئی

کوویکس کی فراہم کردہ آسٹرازینیکا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق 12 لاکھ سے زائد آسٹرازنیکا ویکسین کی خوراکیں اسلام آباد پہنچی ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں اسلام آباد پہنچائی گئی ہیں جب کہ کوویکس کے تحت پاکستان کو ایسٹرا زینیکا ویکسین بطور امداد ملی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کوویکس کے تحت یہ ایسٹرا زینیکا کی دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی کھیپ ہے۔

اس سے قبل کوویکس کے تحت فائزر ویکسین کی ایک لاکھ 6 ہزار خوراکیں بھی پاکستان کو ملیں جب کہ پاکستان کو امریکا سے بطور امداد موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں بھی کوویکس پلیٹ فارم کے تحت ملی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ 1 دن میں 39 افراد کرونا وائرس کے باعث  انتقال کر گئے۔ ان میں سے26 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔

ہفتے کو این سی او سی نے بتایا کہ  24  گھنٹوں میں 2 ہزار 783 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ  کرونا کے باعث سب سے زیادہ سندھ میں 25 اموات رپورٹ ہوئیں۔ پنجاب میں 9 میں اموات،خیبرپختونخوا میں 2 اموات، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں 1، 1 ،1 مریض کا انتقال ہوا۔کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 760 ہوگئی ہے۔

این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 49 ہزار 247 ٹیسٹ کئے گئے۔کرونا کے فعال کیسز کی تعداد45 ہزار 579 ہوگئی ہے۔کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 18 ہزار 329 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہوگئی ہے۔

این سی او سی نےبتایا کہ اس وقت 2 ہزار 798 مریض 639 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔اسلام آباد میں 20 فیصد، ملتان میں 15 فیصد،پشاورمیں 15 فیصد،لاہورمیں 19 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔اسکردومیں 50 فیصد، مظفر آباد میں 33 فیصد، کراچی میں 41 فیصد اور گلگت میں 58 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button