قومی

پاکستان نے فرار ہونے والے 40 افغان سکیورٹی اہلکاروں کو افغانستان کے حوالے کردیا

دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان نےحال ہی میں 40 افغان سکیورٹی اہلکاروں کو افغانستان کے حوالے کیا۔ یہ سیکیورٹی اہلکار فرار ہوکر پاکستان آگئے تھے۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے فرار ہونے والے 40 اے این ڈی ایس کے افسران اور جوانوں کو ریسکیو کر کے عزت کے ساتھ واپس کیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے اے این ڈی ایس ایف کی جانب سے درخواست پر ہر قسم کی لاجسٹک مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

زاہدحفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے پرعزم ہے۔ افغان امن کیلئےاس اہم موقع پرتمام توجہ سیاسی تصفیہ پرمرکوزہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ افغان نائب صدراللہ صالح نے گزشتہ روز الزام لگایا تھا کہ پاکستان نے کابل انتظامیہ کو سپن بولدک میں طالبان کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔ پاکستان کے دفترخارجہ نے ان الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نےاس حوالے سے افغان فضائیہ کے ساتھ کسی قسم کی پیغام رسانی نہیں کی۔

افغان حکومت نےسپین بولدک میں طالبان کیخلاف فضائی کارروائی سےآگاہ کیا تھا۔ پاکستان نے مثبت جواب دیتے ہوئے افغان سرزمین پر کسی بھی کارروائی کو اس کا حق قرار دیا تھا۔ زاہد حفیظ نے بتایا کہ پاکستان نے اپنےعلاقے میں سیکیورٹی فورسزاورآبادی کےتحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے۔ تمام انتظامات اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کیے گئے

ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان حکومت کے اپنی سرزمین پر کارروائی کے حق کوتسلیم کرتا ہے۔ پاک فضائیہ نےاس حوالےسےافغان ایئرفورس کیساتھ کوئی بات چیت نہیں کی۔ ایسے بیانات پاکستان کی افغان امن کیلئے مخلصانہ کوششوں پرمنفی اثر ڈالتے ہیں۔ ضروری ہے کہ اس نازک موقع پر تمام توانائیاں وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل پر مرکوز کی جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button