قومی

فلور ملز پر ٹیکس، آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ

نئے مالی سال کے بجٹ میں یکم جولائی سے فلورملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہونے سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 30 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں فلور ملز کے لئے ٹرن اوور ٹیکس میں دی گئی رعایت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 30 روپے اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کے فنانس بل کے مطابق آٹے کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد اور آٹے سے نکلنے والے چوکر پر سیلز ٹیکس کی شرح 7 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کردی گئی ہے، جب کہ یکم جولائی سے فلورملز کی آمدن پر ٹرن اوور ٹیکس ریٹ 0.25 فیصد کی بجائے 1.25 فیصد ہو گا۔

دوسری جانب فلورملز ایسوسی ایشن کی جانب سے فنانس بل میں ایف بی آر کی نادانستہ غلطی یا سوچے سمجھے ٹیکس اضافہ کی تصدیق اور صورتحال کی نشاندہی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کو خط ارسال کیا گیا ہے۔

چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فنانس بل میں ممکنہ غلطی کی وجہ سے فلورملز کو کم سے کم ٹرن اوور ٹیکس کے شیڈول سے خارج کیا گیا، رواں مالی برس میں فلورملز پر 0.25 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد ہے، جب کہ قومی اسمبلی میں پیش کردہ فنانس بل میں فلور ملز کو موجودہ شیڈول سے نکال دیا گیا ہے، اور یکم جولائی سے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہو جائے گا، اور ٹیکس میں اضافے کی صورت میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مزید 30 روپے مہنگا ہو گا۔

خط میں یہ اپیل کی گئی ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ فنانس بل میں ہونے والی غلطی کی درستگی کر کے آٹا مہنگا ہونے سے بچائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button