پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ
حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن 3 جون سے شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی شیڈول ویکسین شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا ویکسین کے اہل عمر کے افراد اپنے آپ کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروائیں۔
دوسری جانب وزارت صحت نے فائزر کمپنی کی ایم آر این اے کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دس لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔
ویکسین کی خرید بذریعہ این ڈی ایم اے کی جائے گی۔ فائزر کمپنی کی جانب سے بھی ویکیسن فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی گئی۔ اطلاعات ہیں کہ پاکستان میں خوراکیں جولائی یا اگست تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ویکیسن کی سٹوریج کے لیے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خرید لیے گئے ہیں۔
وزارت صحت اور فائزر نے ویکیسن کی خریداری کے حوالے سے بات چیت ہونے کی تصدیق ہے۔ وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکیسن کم قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔ چالیس سال سے کم بیرون ملک سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو فائزرز ترجیحی بنیادوں پر لگے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 779 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہے۔