قومی

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی بار 201 افراد جاں بحق

کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث ملک میں وبا سے پہلی بار 200 سے زائد افراد انتقال کر گئے جبکہ 5292 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 201 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح10.77 فیصد رہی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 17530 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 10231 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 88207 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4678 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 4494 ہو گئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 280356 ہوگئی ہے جب کہ 4624 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 296144 ہے اور 8224 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 21945 اور ہلاکتیں 233 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 115596 اور 3201 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 16779 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 461 افراد انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5280 اور 105 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 74131 ہے اور اب تک 675 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button