قومی

سابق وزیر اعظم نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم

احتساب عدالت راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا، نیب نے نوازشریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست کی تھی۔

نیب راولپنڈی نے نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا جب کہ عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ہونے پر نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق نواز شریف کی جہاں جہاں جائیداد ہے اور اس پر اعتراض نہیں آیا تو متعلقہ صوبائی حکومت اسے نیلام کر سکے گی۔

عدالت نے اپنے حکم میں ڈی سی لاہور اور ڈی سی شیخو پورہ کو نواز شریف کی اراضی فروخت کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخو پورہ 60 روز کے اندر رپورٹ پیش کریں، جائیدادیں نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی گاڑیاں بھی 30 دن کے اندر نیلام کی جائیں، پولیس کی مدد سے گاڑیاں قبضے میں لے کر بیچی جائیں۔

عدالت نے ای ٹی او لاہور اور اسلام آباد کو نواز شریف کی 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹر بھی فروخت کرنے کا حکم دیا اور ان کے 8 بینک اکاونٹس میں موجود رقوم قومی خزانے میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی کو نواز شریف کی 4 کمپنیوں میں شیئرز فروخت کرنے کی ہدایت بھی کی جس سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ مری اور چھانگہ گلی کے گھر کی ضبطگی پرمریم نواز نے اعتراض کر رکھا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button