کورونا سے متاثرہ اضلاع میں آٹھویں جماعت تک سکولز بند رکھنے کا فیصلہ
این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ اضلاع میں ایک سے آٹھویں جماعت تک کے لیے 28 اپریل تک سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ملک کا ہر ضلع کورونا سے متاثر نہیں ہے اس لیے جو اضلاع متاثر ہیں وہاں کلاس ایک سے آٹھویں تک اسکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا اور 28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ سکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے سکولز کھولے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع سے متعلق صوبے فیصلہ کریں گے کہ کن اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے جب کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی۔
وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ9 سے 12 ویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے سے لیے جائیں گے، یعنی یہ امتحانات 24 مئی سے پہلے نہیں ہوں گے اور امتحانات سخت ایس او پیز کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بھی داخلوں کو آگے کرنے کا کہا ہے کیونکہ امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو نتیجہ بھی تاخیر سے آئے گا، بورڈ اور ہائرایجوکیشن کمیشن اس معاملے پر بات کرکے فیصلہ کریں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں اے لیول اور او لیول کے امتحانات اپنے وقت پر شیڈول کے مطابق ہوں گے، ملک میں ایسے طلبہ کی تعداد کم ہے جو یہ امتحانات دے رہے ہیں اس لیے یہ طلبہ اپنے امتحانات کی تیاری جاری رکھیں، کیمبرج نے کہا ہے کہ وہ مکمل ایس او پیز کے ساتھ امتحانات کا انعقاد کریں گے۔