ملک میں کورونا کے وار جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 103 افراد جاں بحق
ملک میں کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے ہلاکت خیز رہے جس میں 103 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46665 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3953 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 103 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.47 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14924 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 96184 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 63102 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2198 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 618158 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 266926 ہوگئی ہے جب کہ 4510 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 235569 ہے اور 6675 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19855 اور ہلاکتیں 211 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 93033 اور 2469 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 13529 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 372 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5061 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 62211 ہے اور اب تک 584 مریض انتقال کرچکے ہیں۔