قومی

عبدالحفیظ شیخ وزیر خزانہ کے عہدے سے فارغ

حکومت نے عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانے اور ان کی جگہ حماد اظہر کو وزیر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ وزارت خزانہ کا قلمدان حماد اظہر کو دیا جائے گا۔ اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اویس منظور سمرہ کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا سے ندیم اسلم چوہدری کو ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔

خیال رہے حالیہ سینیٹ انتخاب میں حکومت نے اسلام آباد سے جنرل نشست پر حفیظ شیخ کو ٹکٹ دیا تھا تاہم انہیں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حفیظ شیخ پر مسلسل تنقید کی جا رہی تھی۔

حکومت نے اپریل 2019 میں موجودہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے کر حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کر دیا تھا تاہم گزشتہ برس دسمبر میں لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ وزیراعظم کے معاونین اور مشیران کے پاس کابینہ کمیٹیوں کے اجلاس کی سربراہی کا اختیار نہیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے آرٹیکل 91 (9) کے تحت حفیظ شیخ کو 6 ماہ کے لیے وزیر خزانہ مقرر کر دیا تھا، وہ رواں برس جون تک وزیر خزانہ کے عہدے پر رہ سکتے تھے۔

دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی صورتحال پر قابو نہ پانے پر حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹایا ہے، اور نئی معاشی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے جسے حماد اظہر لیڈ کریں گے۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں، حماد اظہر کے آنے کے بعد غریب آدمی کو ریلیف ملے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button