ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا کے کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے جب کہ کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہونے والے ہیں لیکن ان سے ایک اور میٹنگ کر کے کیمبرج سسٹم کا فیصلہ کریں گے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ این سی او سی نے 15 سے 28 مارچ تک سلیٹڈ علاقوں میں تمام سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، اکیڈمیز اور مدارس بند کرنے کا اعلان کیا تھا، این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان ہی اضلاع میں اب 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں اس کا فیصلہ صوبائی حکومتیں، حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت کرے گی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے 10 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ صوبے کے 10 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔
وزیر تعلیم کے مطابق پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، مالاکنڈ، سوات، نوشہرہ، لوئر دیر اور بونیر میں اسکولوں کو 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این سی او سی نے ملک میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد سمیت بعض اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے اضلاع کا فیصلہ صوبائی حکومتوں پر چھوڑا ہے۔