شہری دفاع کا عالمی دن کل منایا جائے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میںشہری دفاع کا عالمی دن کل (یکم مارچ بروز پیر) کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔
اس دن کے منانے کا مقصد عوام کو قدرتی آفات، حادثات، ناگہانی واقعات، سیلاب، آگ لگنے اور زلزلوں سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی جیسی سرگرمیوں کے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔
شہری دفاع کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی سیمینارز، واک، کانفرنسز، مذاکروں اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کے دوران مقررین زمانہ امن اور حالت جنگ کے دوران شہری دفاع کی اہمیت، سول سوسائٹی کے فرسٹ ایڈ کی تربیت بارے پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں شہری دفاع کے رضا کار عملی مظاہرے بھی پیش کریں گے جس میں فرضی آگ لگا کر متاثرین کو بچانے، حادثے میں شدید زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور شہری دفاع کے دیگر مصنوعی مظاہرے شامل ہوں گے۔