قومی
بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری، نظام زندگی متاثر
گلگت بلتستان میں ضلع استور میں 6 روز سے بارش اور برف باری سے نظام زندگی درہم ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وادی ہنزہ میں آندھی سے مکانوں اور دکانوں کی چھت اڑ گئیں، بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، کوہستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی ہے۔
ادھر آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا جبکہ وادی لیپہ وادی گریس کو ملانے والے زمینی راستے برفباری کے بعد بدستور بند رہی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔